سیاحتی مقامات پر آمد و رفت میں مشکلات

سیاحتی مقامات پر آمد و رفت میں مشکلات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

خیبرپختونخوا میں واقع عالمگیر شہرت کے حامل سیاحتی مقامات پر جہاں بارشوں نے زبردست تباہی مچائی ہے وہاں راستے بھی مسدود ہو گئے ہیں جس سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوات بھر میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف مقامات پر ندیوں اور دریائے سوات میں پانی کا بہاؤبڑھ گیا۔ سیاحتی علاقوں بحرین، کالام اور مالم جبہ میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو رہی ہے۔ بعض مقامات پر چھوٹے بڑے پتھر بھی گرے پڑے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایات کی ہیں اور جو راستے بند ہیں اُن کے متبادل راستوں کو استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ بارشوں کے بعد اکثر مقامات پر کئی کئی گھنٹے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اورلینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے بند ہونے کے باعث سیاحوں کی آمدو رفت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مقامی افراد کا کاروبار زندگی متاثر ہے تاہم اِس کے باوجود قرب و جوار کے رہنے والے افراد کی بڑی  تعداد اِن سیاحتی علاقوں کا رخ کر رہی ہے۔ گاڑیاں پھنس جانے اور خراب ہو جانے کے کئی واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جبکہ چھوٹے موٹے حادثات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ سیاحوں بالخصوص غیر ملکی قافلوں کو مناسب سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے اور جہاں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے وہاں ہیوی مشینری کے ذریعے وقت ضائع کیے بغیر راستوں کو صاف کیا جانا چاہیے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید :

رائے -اداریہ -