چند عناصر پاکستان کو شام اور لیبیا بنانا چاہتے ہیں،رفیق تارڑ
لاہور(پ ر) مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں لازوال قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ،اس ملک کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے آج کچھ لوگ پاکستان میں لیبیا،شام اور عراق جیسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے نامور کارکن،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں وطن عزیز پاکستان کے68ویں یوم آزادی کے موقع پرمنعقدہ تقریب کے دوران کیا۔
اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد،سجادہ نشین آستانۂ عالیہ چورہ شریف حضرت پیر سید محمد کبیر علی شاہ،چوہدری نعیم حسین چٹھہ،بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر پروین خان،کرنل(ر) اکرام اللہ،مولانا محمد شفیع جوش،علامہ احمد علی قصوری، پیر سید سبطین حیدر شاہ،سلمیٰ شاہین بٹ، نسرین نواز،فرزانہ بٹ،شہزادی کبیر،محمد یٰسین وٹو، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد موجود تھی محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ اس ملک کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ہماری بہادر افواج وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری طرح مستعد ہیں ہمیں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہر سال یوم آزادی کے موقع پر قوم یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس دفعہ بعض عناصر کی وجہ سے قوم میں پہلے جیسا اتفاق ویکجہتی دیکھنے میں نہیں آئی ہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے اور ہمیں ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں،بچوں کو چاہئے کہ اپنی پوری توجہ تعلیم حاصل کرنے پر دیںآخر میں حضرت پیر سید محمد کبیر علی شاہ نے ملکی تعمیر وترقی اور استحکام اور ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کے بلندئ درجات کیلئے خصوصی دعا کروائی۔