سانحہ ماڈل ٹاﺅن ، ٹر بیونل اور جوائنٹ ٹیم کی رپورٹ چند روز میں مکمل ہوجائیگی
لاہور(نامہ نگار)سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب ،سابق وزیر قانون سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف دائراندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت آج 16اگست کوہوگی ۔ فاضل عدالت میں گزشتہ سماعت پر کاروائی شروع ہوئی تو سرکاری وکیل ملک اظہر علی نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھاکہ جوڈیشل ٹربیونل اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ آئندہ چند روز میں مکمل کرلی جائے گی جو کہ فاضل عدالت کے لئے مدد گار ثابت ہو گی لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست کی سماعت ملتوی کی جائے جبکہ ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے ایڈووکیٹ منصور رحمان آفریدی نے موقف اختیار کیا تھاکہ عدالت ایک ہی تاریخ دے تاکہ حتمی بحث مکمل کی جاسکے جس کے بعد فاضل جج نے سماعت آج تک ملتوی کر دی تھی۔عدالت میں میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، حمزہ شہبازشریف، سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، پرویز رشید، عابد شیر علی اور چودھری نثار علی خان سمیت دیگر کے خلاف منہاج القرآن سیکریٹیریٹ کے ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن جواد حامد نے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 16اور17جون کی درمیانی شب منہاج القرآن سیکریٹیریٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری ڈی آئی جی (آپریشنز)رانا عبدالجبار کی قیادت میں سیکریٹیریٹ کے باہر لگی رکاوٹیں ہٹانے میں مصروف تھی اس موقع دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ توڑ پھوڑ کا شور سن پر وہاں لوگ اکٹھاہونا شروع ہوئے تو پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ شرو ع کر دی جس کے نتیجہ میں خواتین سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس نے نہ صرف گوشہ درود کی حرمت پامال کرتے ہوئے اس پر گولیں برسائیں بلکہ وہاں سے قیمتی سامان بھی لوٹ لیااوراس سارے عمل کے دوران پولیس کا ٹاﺅٹ گلو بٹ بھی سیکریٹیریٹ کے سٹاف اور مہمانوں کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرتا رہا لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ مذکورہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔
سانحہ ماڈل ٹاﺅن