جمعیت کے تحفظ پاکستان ریلی میں ہزاروں طلبا کی شرکت

جمعیت کے تحفظ پاکستان ریلی میں ہزاروں طلبا کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت جشن آزادی کے موقع پر تحفظ پاکستان ریلی کا اہتمام کیا گیاجس میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کرکے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ ریلی جامعہ اردو گلشن کیمپس سے لے کر مزارقائد تک نکالی گئی۔ ریلی میں شریک طلبا میں زبردست جوش وخروش پایا گیا۔طلبا نے سینوں پر غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیئے اسٹیکر آویزاں کر رکھے تھے۔ ریلی کے دوران ناظم کراچی حافظ بلال نے ہزاروں طلبہ کی موجودگی میں پرچم کشائی کی۔ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم حافظ بلال نے کہا کہ وطن و دین کے دشمن سن لیں کہ طلبا نے پہلے بھی وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی خاطر ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور طلبا وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی بیدار کرتی آرہی ہے۔ آج کے ہزاروں نوجوان غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیل پر فی الفور پابندی عائد کرے۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کراچی سے ہزاروں طلبا کا یوم آزادی کے موقع پر جمع ہونا قابل ستائش ہے۔امیر کراچی نے مزید کہا کہ غزہ کے معاملے پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔وزیراعظم صاحب سن لیں کے ملک کے نوجوان جہاد کے لیئے تیار ہیں۔ ہمارے56ممالک کے حکمران اب تک سوئے ہوئے ہیں لیکن جمعیت کے یہ نوجوانان بیدار ہیں۔ آج حا لات اور وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم حکمران امریکی غلامی کی زنجیریں توڑ کر فلسطین کی آزادی کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔ ریلی کے آخر میں ہزاروں طلبا نے یک زباں ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھ کر ایک قوم ہونے کا ثبوت پیش کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -