بزنس ٹرین انتظامیہ ریلوے کو25 لاکھ روپے روز انہ پرادائیگی کرے،لاہور ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بزنس ٹرین چلانے والی کمپنی کے مالکان کو ریلوے کو 25لاکھ روپے روزانہ کے حساب سے ادائیگی کرنے کا حکم دے دیا۔ مسٹرجسٹس محمدخالد محمود خان نے یہ عبوری حکم محکمہ ریلوے کی جانب سے دائردرخواست پرجاری کیا۔ ریلوے کے وکیل محمد علی نے موقف اختیار کیا کہ فور برادرز نامی بزنس ٹرین چلانے والی کمپنی کے مالکان اور محکمہ ریلوے کے درمیان 33لاکھ روپے روزانہ کے حساب سے کرایہ کی ادائیگی کا معاہدہ طے پایا مگر بزنس ٹرین انتظامیہ اس معاہدے کے برعکس ریلوے کوایک پائی بھی فراہم نہیں کر رہی۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بزنس ٹرین انتظامیہ کو معاہدے کے مطابق رقم ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔بزنس ٹرین کے مالکان نے عدالت سے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی۔جس پر فاضل جج نے قرار دیا کہ عدالت رقم کی ادائیگی کے حوالے سے عبوری حکم جاری کررہی ہے کہ بزنس ٹرین چلانے والی کمپنی کے مالکان ریلوے کو 25 لاکھ روپے روزانہ کے حساب سے تاحکم ثانی ادائیگی کرے ۔عبوری حکم جاری کرنے کے بعد عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
بزنس ٹرین