سنگدل ہسپتال والوں نے چینی شخص کی خوشیاں چھین لیں

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین میں ڈاکٹر انتہا درجے کی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون کو آپریشن تھیٹر میں مرتا ہوا چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہوگئے اور باہر منتظر اس کے خاوند کو بتانے کی زحمت بھی نہ کی۔ انتیس سالہ لیوسیونگ اپنی 27 سالہ حاملہ بیوی زینگ چن کو بچے کی پیدائش کیلئے زبانگ تن ہسپتال لے کر گیا تھا۔ اس نے بتایا کہ آپریشن تھیٹر کے باہر طویل انتظار کے دوران اس نے کئی دفعہ اپنی بیوی کی حالت کے بارے میں پوچھا لیکن عملے نے اسے کچھ نہ بتایا۔ جب کئی گھنٹے تک اسے بے خبر رکھا گیا تو وہ زبردستی آپریشن تھیٹر میں داخل ہوگیا اور یہ دیکھ کر ساکت رہ گیا کہ اس کی بیوی مردہ حالت میں پڑی تھی اور اس کے پاس ہی ایک خاکروب بیٹھا سگریٹ پی رہا تھا اور ناریل کھارہا تھا۔ لیوسیونگ کو معلوم ہوا کہ ڈاکٹر اور نرسیں اس کی بیوی کی حالت غیر ہونے پر اسے موت و حیات کی کشمکش میں چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہوگئے اور بعد کے معاملات خاکروب کے ذمہ لگا گئے۔ لیو نے ہسپتال کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کردیا ہے۔ دوسری جانب ہسپتال کا موقف ہے کہ لیو اور اس کی بیوی نے آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش سے انکار کردیا تھا۔ جس کی وجہ سے بہت سا خون ضائع ہونے سے خاتون کی موت ہوگئی۔ افسوسناک واقعہ میں ماں تو جان سے گزر گئی لیکن معجزاتی طور پر بچہ محفوظ رہا۔