ہیلی کیم سے کوریج پر پابندی کیخلاف درخواست پر وفاق اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری

ہیلی کیم سے کوریج پر پابندی کیخلاف درخواست پر وفاق اور حکومت پنجاب کو نوٹس ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بذریعہ ہیلی کیم اور بعض مقامات کی میڈیا کوریج پر پابند ی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے من پسند رپورٹنگ نہ ہونے پرائیرپورٹس، ہسپتالوں،خصوصی عدالتوں،سول سیکرٹریٹ اور اہم مقامات پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 19اور19اے کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے ہر شہری کاآئین اور بنیادی حق ہے مہذب معاشروں میں میڈیا پر کسی قدغن کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔میڈیا کی آزادی ہی شہری آزادیوں اور عدلیہ کی آزادی کی ضمانت ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیلی کیم کے ذریعے کوریج کرنے کی اجازت دے جائے اور اہم مقامات کی کوریج پر عائد پابندی بھی ہٹانے کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو 10 ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

مزید :

صفحہ آخر -