یونس خان نے ٹیسٹ کیچزکی سنچری مکمل کر لی
کولمبو (ویب ڈیسک) کولمبو ٹیسٹ میں یونس خان نے عبدالرحمان کی گیند پر ہیراتھ کا کیچ تھام کر ٹیسٹ میں اپنے 100 کیچز مکمل کئے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی فیلڈر بنے۔سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن یونس خان نے رنگنا ہیراتھ کا کیچ تھام کر ٹیسٹ میچز میں کیچز کی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنے 91ویں میچ میں حاصل کیا۔ یونس خان نے ون ڈے میچز میں 131اور ٹی 20 میں 12 کیچز پکڑے ہیں۔دوسری جانب جنید خان نے سری لنکا کے خلاف اننگز میں پانچویں مرتبہ پانچ یا زائد وکٹیں اپنے نام کیں، اس طرح وہ اس معاملے میں سابق آسٹریلوی سپنر شین وارن کے ہمسر بن گئے، انہوں نے آئی لینڈرز کیخلاف 5 مرتبہ اننگز میں 5 یا اس سے زائد شکار کئے ہیں۔واضح رہے کہ ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ کیچز پکڑنے کا ریکارڈ بھارت کے راہول ڈریوڈ کے پاس ہے جنھوں نے 210 کیچز تھامے ہیں۔