انٹرنیٹ صارفین نے اپنے دانتوں کی مرمت کا دیسی طریقہ ڈھونڈ لیا لیکن آپ اسے نا آزمائیے گا کیونکہ۔۔۔

لندن (نیوز ڈیسک) ٹیڑھے میڑھے دانتوں کو درست کرنے کیلئے ماہر ڈاکٹر کی زیر نگرانی بریسز (Braces) کا استعمال کیا جاتا ہے مگر مغرب میں جدید سائنسی طریقے کی بجائے ایک سادہ ٹوٹکے کا استعمال بہت مقبول ہوگیا ہے، جبکہ اس کے تباہ کن نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔
نوعمر انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد دانتوں میں موجود خلاء کو پر کرنے کیلئے گیپ بینڈ (gap band) نامی سستے الاسٹک کا استعمال کررہے ہیں۔ اس الاسٹک کو دانتوں کے گرد کس کر باندھ دیا جاتا ہے اور پھر ایک عرصے تک اس کا استعمال جاری رکھا جاتا ہے۔ اس طریقے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ یوٹیوب پر 'Cheap Easy Braces' نامی ویڈیو کو تقریباً ساڑھے چار لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ اس ویڈیو میں الاسٹک بینڈ کو دانتوں کے گرد کئی ہفتوں تک باندھے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکن ایسوسی ایشن آف آرتھو ڈینٹسٹس نے اس عمل سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ یہ ٹوٹکہ مسوڑھوں کو تباہ کرتا ہے اور دانتوں کو وقت سے پہلے گرادیتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکا میں بریسز کا خرچ 5 ہزار ڈالر تک ہوسکتا ہے لیکن الاسٹک کے استعمال سے ہونے والا نقصان اتنا زیادہ ہے کہ اصل بریسز کے خرچ سے کئی گنا زیادہ رقم اس کے علاج پر لگ سکتے ہیں، لہٰذا ہر صورت اس کام سے باز رہیں۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کلک کریں
آئی فون ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کلک کریں