سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق سمیت کئی رہنماء نظربند، یاسین ملک اور دیگر پولیس کی حراست میں

سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق سمیت کئی رہنماء نظربند، یاسین ملک اور ...
سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق سمیت کئی رہنماء نظربند، یاسین ملک اور دیگر پولیس کی حراست میں

  

سرینگر (اے این این)بھارت کے 15اگست کو یوم جمہوریہ کے پیش نظر کٹھ پتلی پولیس نے متعدد حریت رہنماؤں کو گرفتار اور خانہ نظربند کیا ہوا ہے۔ سید علی گیلانی بدستور خانہ نظربند ہیں اور انہیں حسبِ معمول نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ گیلانی کے علاوہ محمد اشرف صحرائی، ایاز اکبر، یاسمین راجہ کو اپنے اپنے گھروں میں نظربند کرنے کے علاوہ حکیم عبدالرشید، رئیس احمد میر، ظفر حبیب ڈار، معراج الدین ربانی، شیخ بشیر احمد، بلال احمد میر، فاروق احمد وگے اور محمد رمضان صوفی سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اس کے علاوہ الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، محمد اشرف لایا، میر حفیظ اللہ اور شاکر احمد شوپیان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ سید علی گیلانی نے 15اگست کو یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے اس دن مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل دہرائی ہے ۔گیلانی نے کہا کہ ہم بھارت کی آزادی کے مخالف نہیں ، البتہ جب تک یہ ملک کشمیری عوام کے حقِ آزادی کو تسلیم نہیں کرتا اور آزادانہ رائے شماری کے ذریعے انہیں اپنے مستقبل کے تعین کا موقع فراہم نہیں کرتا ، اس کو جموں کشمیر کی سرزمین پر جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کا کوئی آئینی اور اخلاقی جواز نہیں ہے ۔ ادھر پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس (ع)کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو بھی گھر میں نظر بند کردیا اور انہیں نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اسکے علاوہ مولانا محمد عباس انصاری اور مولانا مسرور عباس انصاری کو بھی اپنے گھر میں نظر بندکرنے کے علاوہ ہلال احمد وار کو گرفتار کر کے مائسمہ تھانے میں نظر بند کیا گیا۔دریں اثناء پولیس نے لبریشن فرنٹ کے دو اراکین محمد یونس بٹ اور فیصل اسلم کواسوقت گرفتار کرلیا ہے جب وہ مقید لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ ملاقات کی غرض سے کوٹھی باغ تھانے میں داخل ہورہے تھے۔

فیصل اسلم چند روز قبل پیش آمدہ ایک حادثے کی وجہ سے زخمی بھی ہیں۔ملک کو دو روز قبل پلوامہ جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے ہمراہ فرنٹ کے زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری کو ٹھی باغ میں مقید رکھا گیا ہے جب کہ پولیس نے شوپیان میں فرنٹ کے ذمہ دار محمد ایوب کو بھی گرفتار کرلیا ۔واضح رہے کہ شبیر احمد شاہ کچھ روز قبل ہی حراست میں ہیں۔انکے علاوہ پارٹی کے کئی ایک ارکان بھی ہیں۔

مزید : بین الاقوامی