اجنکیا نے ٹیسٹ میچ میں زیادہ کیچز پکڑنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
گال( نیٹ نیوز) بھارتی ٹیم کے بلے باز اجنکیا راہانے نے بطور فیلڈر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک میچ میں زیادہ کیچز پکڑنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ راہانے نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہون نے ٹیسٹ میچ میں زیادہ کیچز پکڑنے کا گریگ چیپل، ہیسان تلکارتنے، سٹیفن فلیمنگ اور میتھیو ہیڈن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ چاروں کرکٹرز نے 7، 7 کیچز پکڑے تھے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز راہانے نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انتہائی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں پانچ کیچز پکڑے اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک میچ میں زیادہ کیچز پکڑنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔