ٹیسٹ کرکٹ،بھارت دوسری بار 200 سے کم رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا
گال( نیٹ نیوز) بھارتی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری بار 200 سے کم رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 175 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی، اس سے قبل بھارتی ٹیم 1997ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 120 کا ہدف حاصل کرنے سے محروم رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے بلے باز دنیش چندیمل نے غیرمعمولی بیٹنگ اور رنگناہیراتھ نے تباہ کن باؤلنگ سے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا، بھارتی ٹیم 176 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں112 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ یہ بھارت کا سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں کم ترین سکور ہے، اس سے قبل 2008ء میں بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔