سری لنکا اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے شروع ہو گا
کولمبو ( نیٹ نیوز) سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 20 اگست سے کولمبو میں شروع ہو گا، آئی لینڈرز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو حیران کن طور پر 63 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم ان دنوں سری لنکا میں موجود ہے جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، سیریز کے پہلے میچ میں دنیش چندیمل نے عمدہ بیٹنگ اور رنگناہیراتھ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ سیریز کا دوسرا میچ سری لنکن ٹیم کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ سٹار بلے باز کمار سنگاکارا کے کیریئر کا آخری میچ ہو گا اور آئی لینڈرز دوسرا ٹیسٹ جیت کر سنگاکارا کو یادگار انداز سے الوداع کہنا چاہتی ہے لیکن دوسری جانب بھارتی ٹیم میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی خواہاں ہو گی اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔