فلوریڈا میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم کا 38 واں سالانہ کنونشن جاری

فلوریڈا میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم کا 38 واں سالانہ کنونشن ...

نیویارک (اے پی پی) شمالی امریکہ میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کا 38 واں سالانہ کنونشن فلوریڈا میں جاری ہے۔امریکی ریڈیو کے مطابق ایسو سی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اِن نارتھ امریکہ کا سالانہ اجلاس بڑوں اور بچوں میں یکساں طور مقبول ہے جس میں اس سال امریکہ اور دیگر ممالک سے 4,500 افراد شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کا یہ سب سے بڑا اجتماع تصور کیا جاتا ہے جو امریکہ بھر میں کام کرنے والے 15 ہزار سے زائد پاکستانی فزیشنز کی نمائندگی کرتا ہے۔ رواں سال ’اپنا‘ کی سالانہ تقریب کے دوران ہی 14 اگست کا دن منایا جا رہا ہے اور اسی مناسبت سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی تقاریب کے لیے بھی انتظامات کیے گئے۔ کنونشن کے دوران لوگ پاکستان کے نوجوان گلوکار عاطف اسلم کے علاوہ معروف مزاحیہ فنکار عمر شریف کے فن سے بھی محظوظ ہوئے جبکہ مکی سنگھ اور فیوژن نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کو اس سالانہ کنونشن کے ذریعے جہاں اپنے شعبے سے متعلق خیالات کے تبادلے کا موقع ملتا ہے وہیں اس میں شریک افراد کئی طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں جن میں نوجوانوں کے درمیان تقریری مقابلے و مباحثے اور تفریحی پروگراموں کے علاوہ ٹینس اور گالف کے ٹورنامنٹ شامل ہیں۔ کنونشن کے موقع پر خصوصی بازار بھی سجایا گیا جس میں 160 سے زائد اسٹالز ہیں۔

مزید : عالمی منظر