امریکہ کا یورپی ممالک سے تین ٹیلی کام کمپنیوں کے ایک ارب ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے رابطہ

امریکہ کا یورپی ممالک سے تین ٹیلی کام کمپنیوں کے ایک ارب ڈالر مالیت کے اثاثے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (اے پی پی) امریکی حکام نے یورپی ممالک سے تین ٹیلی کام کمپنیوں کے ایک ارب ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے رابطے کئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے یہ اقدام تین ٹیلی کام کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کے ضمن میں اٹھایا ہے اور امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ کمپنیاں وسطی ایشیائی ریاست ازبکستان کے صدر اسلام کریموف کی بیٹی سے کسی طرح منسلک ہے۔ ان کمپنیوں میں ویمپلکام لمیٹڈ ، موبائل ٹیلی سسٹم (ایم ٹی ایس) اور ٹیلیا سونیرا اے بی نامی کمپنیاں شامل ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف اور سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن فی الوقت ان کمپنیوں کے خلاف تحقیقات میں مصروف ہے اور اس ضمن میں یورپ میں متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ امریکی حکام اور پراسیکیوٹر سمجھتے ہیں کہ یہ کمپنیاں اسلام کریموف کی صاحبزادی گلنارہ کریموف سے منسلک ہیں اور وہ ازبکستان میں وائرلیس فریکوئنسی اور دیگر سودوں پر اثر انداز ہورہی ہیں۔ اس ضمن میں اسلام کریموف یا ان کی صاحبزادی کی جانب سے کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے جبکہ تحقیقات کے ضمن میں ابھی تک کسی کو نامزد بھی نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب روس میں موبائل فون کی سب سے بڑی کمپنی ایم ٹی ایس نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں امریکی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔ جن کمپنیوں کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں ان میں ایک کمپنی کا تعلق ہالینڈ اور ایک کا سویڈن سے بتایا گیا ہے۔

مزید :

کامرس -