حکومت فوج سے محاذ آرائی کا موقع ضائع نہیں کر رہی،جمیل ملک
لاہور(پ ر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی آشیر باد سے قائم موجودہ حکومت فوج سے محاذ آرائی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہی،مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہداللہ کا تازہ بیان جرنیلوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی دانستہ کوشش ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ظہیر الاسلام پر اقتدار پر قبضے کی سازش کا سنگین الزام ملک کی اعلیٰ شخصیت کے اشارے پر عائد کیاگیا جسکا مقصد فوج کو دباؤ میں رکھ کر اپنی لوٹ مار ،کرپشن اور اقرباپروری کو جاری رکھناہے
،آئی ایس پی آر کے وضاحتی بیان اور آڈیو ٹیپ سے لاتعلقی سے سینیٹر مشاہداللہ کاالزام غلط اور بے بنیاد ثابت ہوا ہے ، چندروزقبل وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بیان بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ ہمیں اچھی طرح معلوم ہے دھرنوں کیلئے فنڈنگ کون کررہا تھا،انہوں نے کہا حکمرانوں نے ایک منظم سازش کے تحت افواج پاکستان کیخلاف مہم شروع کررکھی ہے اورخواجہ آصف،آصف علی زرداری،وزیر اعلیٰ پنجاب اورالطاف حسین کے بعد اب مشاہداللہ کا بیان اسی سلسلے کی کڑی ہے، ملک کی اعلیٰ شخصیت کے اشارے پر فوج کیخلاف بیانات خبطی سیاستدانو ں سے جاری کروائے جارہے ہیں جس کا مقصد جرنیلوں میں غلط فہمیاں پیدا کرکے اپنی میگا کرپشن،لوٹ مار،اقرباپروری اورغیر قانونی اقدامات کو تحفظ دینا ہے۔