کنٹرول لائن کے آرپار کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منایا

کنٹرول لائن کے آرپار کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منایا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 مظفرآباد، سری نگر (آن لائن، اے این این) کنٹرول لائن کی اطراف سمیت پوری دنیا کے کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا، اس پر غصہ نکالنے کے لئے بھارتی فوج نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے دیہات پر دو مرتبہ گولہ باری کی جس سے ایک شخص شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق بھارت کے یوم آزادی اور مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف ریاست جموں و کشمیر کی اطراف اورپاکستان کے چاروں صوبوں سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں نے بھر پور انداز میں یوم سیاہ منایا ۔یوم سیاہ جلسے، جلوس اور مظاہرے کیے گئے۔ بڑی ریلی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کشمیرلبریشن سیل اور پاسبان حریت کے اشتراک سے نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت عبد العزیز علی ، شوکت جاوید میر ،مشتاق الاسلام ،عزیر غزالی ،قاضی شاہد حمید ،اور اصغر رسول نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے اقوام متحدہ کے دفتر جاکر سیکرٹری جنرل بانکی مون کے نام یادداشت پیش کی، بھارت کے خلاف آزادی کے حق اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے زبر دست نعرے بازی کرتے ہوئے بھارتی پرچم نذر آتش کیا۔ اس سے قبل یوم سیاہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی آزاد کشمیرکے میڈیا ایڈوائز شوکت جاوید میر نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و ستم کے پہاڑڈھا رکھے ہیں، وہ بے گناہ کشمیریوں کے خون میں لت پت دہشتگردی کا عالمی نشان اور خوف کی علامت ہے ۔ ہندوستان نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فارئرنگ شروع کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں ایٹمی ملک ہیں ۔اگر مسئلہ کشمیرحل نہ ہوا تو ایٹمی جنگ چھڑنے کا خطرہ موجود ہے ۔شوکت جاوید میر نے کہا کہ اگرایسٹ تیمورمیں رائے شماری ہوسکتی ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتی ۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارت کو کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سری نگر سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے حریت کانفر نس کے رہنماء سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ۔7لاکھ فوج کی موجودگی میں بھی کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔ بھارت جموں وکشمیرکے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، ہم اسے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے فوجی کشمیریوں کو نماز بھی ادا نہیں کرنے دے رہے ہیں ۔یوم سیاہ کے اجتماع سے پاسبان حریت کے رہنماء عزیر احمد غزالی ،حریت رہنماء مشتاق الاسلام ،حزب المجاہدین کے اصغر رسول ،جماعت اسلامی کے قاضی شاہد حمید ،لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ سجاد لطیف ،جمو ں کشمیررفیوجی کونسل کے تنویر الاسلام ترالی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ جب تک بھارت اپنے ناپاک قدم کشمیرکی پاک سرزمین سے نہیں نکالتی ہم آخری سانس تک پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی وجہ سے بھارت خود ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا اور مقبوضہ کشمیربھارت کی قابض دہشتگردافواج کا شمشان گھاٹ ثابت ہوگا ۔کشمیری عوام مضبوط خوشحال جمہوری پاکستان کو اپنی جدوجہد کا مرکز تصور کرتے ہیں اور افواج پاکستان کے جرات مندانہ اقدامات سے کشمیری حریت پسندوں کو تازہ آکسیجن فراہم ہوتی ہے ۔بھارتی جارحیت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کبھی بھی ختم نہیں کرسکتی ۔ کوٹلی نکیال سیکٹر میں دن میں دوسری بار بھارت کی بلااشتعال فائرنگ ایک شہری شہید چھ زخمی ہوگئے ۔ ہفتہ کے روز بھارتی مسلح افواج نے نکیال سیکٹر میں پہلے صبح کے وقت بلااشتعال فائرنگ کی جس میں دو افراد زخمی اور پانچ گھر تباہ ہوگئے تھے بھارتی فوج نے شام کو ایک بار پھر دسبی گاؤں میں بلااشتعال فائرنگ کی او رسویلین آبادی کو نشانہ بنایا ،بھارتی فورسز کی گولہ باری کے دوران ایک گولہ گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب میں گرا اس واقعہ میں ایک شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے ۔ پاک فوج نے بھی بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جس پر بھارتی توپوں کے منہ بند ہوگئے بھارتی فائرنگ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور پورا دن آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔

مزید :

صفحہ اول -