افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ، مکمل تعاون کرینگے ، چین

افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ، مکمل تعاون کرینگے ، ...

 بیجنگ ( اے این این ) چین نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردارکوسراہتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کایقین دلایاہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ژو چن ینگ نے صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن بات چیت میں ہی مضمر ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے چین جنگ زدہ ملک میں دیرپا امن کے لئے بھرپورحمایت اور فریقین سے تعاون کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہاکہ چین ہمیشہ افغانستان کے مصالحتی عمل کی حمایت کرتا رہا ہے اور سمجھتا ہے کہ امن مذاکرات ہی مسئلے کا بہترین حل ہیں امید ہے کہ سب فریق افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرتے رہیں گے ۔واضح رہے کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پاکستان کے شہر مری میں ہوا تاہم افغان طالبان کے امیر ملا عمر کے انتقال کی خبرمنظرعام پر آنے اور نئے امیر کے انتخاب کے معاملے پر طالبان کے درمیان دھڑے بندی کے بعد مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔

مزید : صفحہ اول