ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ، شہباز شریف

ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ، شہباز شریف

 لاہور(نما ئند ہ خصو صی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے گزشتہ 7 برس کے دوران صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرایا ہے اور پنجاب حکومت نے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں کم سے کم بولی دینے والوں کے ساتھ کامیاب بات چیت کے ذریعے انہیں نرخ مزید کم کرنے پر آمادہ کرکے قوم کے اربوں روپے کی بچت کی ہے اور پاکستان کی تاریخ میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کی تاریخ میں ارب ہا روپے کے قومی وسائل کی بچت کو کبھی دیکھا گیا اور نہ ہی سنا گیا ہے لیکن اس بات کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کو جاتا ہے جس نے گزشتہ چند برس کے دوران قومی وسائل بچانے کا عملی طور پر مظاہرہ کیا ہے اور یہ اسی منزل کی جانب ایک اہم اقدام ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں میں کم بولی دینے والوں کے ساتھ بات چیت کرکے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے ان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام، قائداعظمؒ سولر پارک بہاولپور، خود روزگار سکیم کے تحت ہزاروں گاڑیوں کا تقسیم کا منصوبہ اور دیگر منصوبے شامل ہیں اور پنجاب حکومت نے ان منصوبوں میں حقیقی معنوں میں عملی طور پر بچت کی ہے۔پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں سب سے کم بولی دینے والوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے قوم کے جو اربوں روپے کے وسائل بچائے ہیں وہ عوام پر ہی خرچ کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے اربوں روپے کے وسائل کی بچت کاکریڈٹ وزیراعظم محمد نواز شریف اور پنجاب حکومت کی پوری ٹیم کو جاتا ہے اور انشاء اللہ آئندہ 3 برس کے دوران اس راستے پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے جنہو ں نے ان سے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس وژن کے تحت ارب ہا روپے بچائے ہیں، وہ صرف آپ ہی کا خاصا ہے۔ پاکستان میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ آپ عوام کی دن رات خدمت کر رہے ہیں اور قومی وسائل کو امانت اور دیانت سمجھ کر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو عوام جان و مال کے تحفظ کیلئے شاندار سکیورٹی انتظامات کرنے پر شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا اور موثر اقدامات کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اراکین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موثر مانیٹرنگ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کیا ۔ شاندار سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اراکین، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یوم آزادی پر اپنے فرائض محنت اور تندہی سے سرانجام دیئے اور مستقبل میں بھی اس جذبے اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں لیاقت بلوچ اور فرید پراچہ نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اوراس ضمن میں سنجیدہ اورمخلصانہ اقدامات بارآور ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ تمام سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہے اور پوری قوم پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا نام و نشان ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹانے کیلئے یکسو ہے۔

مزید : صفحہ اول