سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل انتقال کر گئے

سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل انتقال کر گئے

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنر ل حمید گل انتقال کر گئے ہیں۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق جنرل حمید گل کو برین ہیمرج کے بعد مری کے سی ایم ایچ ہسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔حمید گل کو بلڈ پریشر لو ہو نے کی وجہ سے راولپنڈی ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکے اور اسی دوران ان کا انتقال ہو گیا۔بیٹی عظمیٰ کا کہنا ہے کہ والد (حمید گل )خاندان کے ساتھ مری آئے ہوئے تھے جہاں اچانک ان کی طبعیت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں مری کے ایک ہسپتال میں لے جا یا گیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بتا یا کہ حمید گل کو برین ہیمرج ہوا ہے اور ان کا بلڈ پریشر بہت کم ہے جس کی وجہ سے انہیں کسی دوسرے ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم شدید نوعیت کا برین ہیمرج اٹیک ہونے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق برین ہیمرج کے باعث حمید گل کا انتقال ہو گیا ہے۔جنرل حمید گل کی عمر 78برس تھی۔خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں کچھ دنوں سے سر درد کی شکایت رہتی تھی۔مرحوم کی نماز جنازہ آج اتوار کو راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ ان کے بیٹے عبداللہ گل اس وقت ترکی میں ہیں،ان سے اور دیگر خاندان سے صلاح مشورے کے بعد نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان کیا جائے گا۔صدر،وزیراعظم،مولانا فضل الرحمان،عمران خان،الطاف حسین،چوہدری شجاعت،چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ،گورنرز،صوبائی ووفاقی وزراء سمیت دیگر سیاسی وعسکری شخصیات نے جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔واضح رہے کہ جنرل ریٹائر حمید گل سابق ڈی جی ایم آئی اور آئی ایس آئی رہ چکے ہیں،وہ20نومبر 1936ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے اور1956ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور 1992ء میں ریٹائر ہوئے،وہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران چونڈا محاذ پر ٹینک کمانڈر تھے، 1972ء سے1976ء کے دوران بٹالین کمانڈر رہے،1987ء سے1989ء تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے جبکہ 1989ء سے1991ء تک کور کمانڈر ملتان بھی رہ چکے ہیں۔

مزید : صفحہ اول