4 لوگوں نے تحریک انصاف پر قبضہ کیا ہوا ہے،جسٹس(ر) وجیہہ الدین

4 لوگوں نے تحریک انصاف پر قبضہ کیا ہوا ہے،جسٹس(ر) وجیہہ الدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جسٹس(ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ 4 لوگوں نے پارٹی پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے کوئی اختلاف نہیں ۔ نئی پارٹی ممبر شپ بنانے کا مطلب دھاندلی کے دروازے کھولنا ہے ۔ کسی دوسری پارٹی میں جانے کا جواز ہی پیدا نہیں ہوتا ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے سینئر رہنما جسٹس(ر)وجیہہ الدین نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں شفاف الیکشن کرانا چاہتے ہیں اس حوالے سے ان کی کوششیں جاری رہیں گی ۔ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں میرٹ کا خون ہوا ہے اور اگر تحریک انصاف میں قبضہ گروپ قائم رہا تو سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو مشکلات ہو گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے جبکہ پارٹی میں قبضہ گروپ کے حوالے سے ان سے تین گھنٹ’ تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں عمران خان کو بتایا گیا کہ الیکشن ٹریبونل نے بھی ان چار لوگوں کے خلاف فیصلہ دیا کہ انہوں نے الیکشن میں پیسہ استعمال کیا اور دھاندلی کی اس لئے ان سے دور رہیں ۔ جس پر عمران خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے حوالے سے ان کی کئی مجبوریاں ہیں ۔ وجیہہ الدین نے تحریک انصاف میں قبضے کے حوالے سے جن چار لوگوں کا ذکر کیا ان میں لاہور سے علیم خان ، کراچی سے نادر لغاری ، وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک اور جہانگیر ترین شامل ہیں ۔ وجیہہ الدین کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ملک بھر سے 70 لاکھ سے زائد ممبران ہیں اس حوالے سے نئی ممبر شپ مہم بنانا مناسب نہیں جبکہ نئی ممبر شپ سے دھاندلی کے نئے راستے کھلیں گے اور پارٹی کو نقصان ہو گا ۔ تحریک انصاف کو چاہئے کہ ان 70 لاکھ ممبرز کی جانچ پڑتال کرے اور پارٹی کی 7 اہم پوزیشنز پر اچھے لوگ لگائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو الیکشن ٹریبونل نے اختیار دیا ہے کہ وہ عبوری سیٹ اپ منتخب کریں اور اس حوالے سے اچھے اور نظریاتی لوگ سامنے لائیں ۔ملک بھر سے آرگنائزر کو فارغ کیا جائے جو پارٹی چلا رہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نامکمل ہے جسے مکمل کرنے کی ضرورت ہے

مزید :

صفحہ اول -