سیلاب متاثرین کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ، حافظ سعید
لاہور ( نمائندہ خصوصی ) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان میں سیلابوں کا راستہ روکنے کے لئے بھارتی آبی جارحیت پر قابو پانا ہو گا اور نئے ڈیم تعمیر کرنا ہوں گے۔سیلاب متاثرین پر مشکل کی گھڑی ہے ۔جماعۃ الدعوۃ انہیں تنہا چھوڑے گی۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار چترال کے دشوار گزار راستوں سے گزر کر دوردراز سیلاب متاثرہ علاقوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لیہ میں سیلاب متاثرہ علاقے کے دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف،جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی ترجمان محمد یحییٰ مجاہد،جماعۃ الدعوۃ جنوبی پنجاب کے مسؤل پروفیسر غلزئی ،جماعۃ الدعوۃ لیہ کے امیر عبدالمنان،جماعۃ الدعوۃ فیصل آباد کے امیر محمد فیاض،میاں سہیل احمد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ محمد سعید نے موٹر بوٹ پر بیٹھ کر سیلابی علاقوں کا معائنہ بھی کیا اور سیلاب متاثرین میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے خشک راشن اور سولر الیکٹرک پنکھے بھی تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا نے دریاؤں پر ڈیم بنا کر پاکستان کی طرف آنیوالے پانی کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔وہ جب چاہتاہے پانی کو روک لیتا ہے اور پاکستان کی فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں۔جب بارشیں ہوتی ہیں تو وہ اپنی فصلوں کو بچانے کے لئے پانی چھوڑ دیتا ہے۔دونوں صورتوں میں نقصان پاکستان کو ہی ہورہا ہے۔حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حوالہ سے بھارت سے دوٹوک انداز میں بات کرے۔انہوں نے کہا کہ سیلا ب متاثرہ علاقوں میں جماعۃ الدعوۃ کی طر ف سے پکی پکائی خوراک اورخشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔میڈیکل ٹیمیں دوردراز علاقوں میں پہنچ کر متاثرین کا علاج معالجہ کر رہی ہیں۔چترال میں سیلاب سے لوگوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس پر ایف آئی ایف کی امدادی و ریسکیو ٹیمیں رمبور، ایون اور ملکوجیسے علاقوں میں جاکر ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔جنوبی پنجاب و سندھ میں بھی فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکا ر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔