سعودی عرب میں بھی پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

سعودی عرب میں بھی پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) سعودی عرب میں پاکستان کا یوم آزادی روایتی قومی جوش و جذبے سے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ سفیر پاکستان منظور الحق نے پاکستان المیبی ریاض میں اور قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر قومی پرچم لہرا کر تقریبات کا آغاز کیا۔ صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ پاکستانی سکولوں کے بچوں نے قومی و ملی نغمے پیش کرکے جذبہ ایمانی کو پیدا کیا۔ تقریبات میں بھاری تعداد میں پاکستانیوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔ قونصل جنرل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی نئی نسل کو بھی پاکستان کے حوالے آگاہی دیں اور انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ پاکستان کی کس طرح قربانیوں سے حاصل کیا گیا جس کی حفاظت و ترقی و خوشحالی کے لئے ان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ قونصل جنرل پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے جبکہ امن وامان بھی بہتر ہوا ہے۔ ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی کے قلع قمع کے لئے ہماری افواج اپنا کردار اداکررہی ہیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر ملی جذبہ اور اتحاد و اتفاق پیدا کرکے آگے بڑھنا ہوگا اور دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی اپنے قول و عمل سے ملک کا نام روشن کریں اور مقامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف گامزن کریں کیونکہ یہ ہم سب کا فرض ہے ہم اپنے وطن کے لئے کچھ کریں۔ تمام اوورسیز پاکستانی سفیران وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا اور ہر پاکستانی کو بہتر سے بہتر قونصل سروس دینے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم میزبان ملک کے قانون کی پاسداری کریں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے بدنامی ہو۔ نقابت کے فرائض وائس قونصل نے ادا کئے۔ وہاں موجود کمیونٹی ملی نغموں اور گیتوں کے درمیان قومی پرچم لہرا لہرا کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔

تقریبات

مزید : صفحہ آخر