سگنل بار پر نہ جائیں، آپ کے فون کے اس وقت دراصل کتنے سگنل آرہے ہیں؟

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ جانتے ہیں کہ آئی فون یا اینڈرائیڈ فون پر جس وقت سگنل پورے آ رہے ہوتے ہیں اس وقت ضروری نہیں کہ سگنل کی طاقت بھی پوری ہو۔ یعنی سکرین پر ظاہر ہونے والے سگنلز فون کی اصل سگنل پاور کی درست عکاسی نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات سگنل آ رہے ہوتے ہیں لیکن ہم کال نہیں کر پاتے۔ آئیے آپ کو ایک ایسا طریقہ بتاتے ہیں جس کے ذریعے آپ اپنے آئی فون اور اینڈرائیڈ فون کی اصل سگنل پاور کا پتا چلا سکتے ہیں۔آئی فون صارفین اپنے فون سے *3001#12345#*ڈائل کرکے کال کا بٹن دبائیں۔ بٹن دباتے ہی آپ فیلڈ ٹیسٹ موڈ میں داخل ہو جائیں گے۔ آپ کے آئی فون کی سکرین پر سگنل انڈیکیٹر نمودار ہو گا جس پر ایک طرف سگنل آ رہے ہوں گے جبکہ دوسری طرف اعداد میں سگنل پاور ظاہر ہو رہی ہوگی۔ یہاں سگنلز کو نظر انداز کر دیں اور صرف سکرین پر نمودار ہونے والے نمبروں کو دیکھیں۔ یہ نمبر جتنے صفر(0)کے قریب ہوں گے اتنی ہی آپ کے آئی فون کی سگنل پاور زیادہ ہو گی۔ یعنی اگر یہاں 90کی بجائے 60آ رہا ہے تو آپ کے سگنل مضبوط ہیں۔