بیٹی نے ایسی کیا حرکت کی کہ باپ غم کی تصویر بن گیا، انٹرنیٹ پر بے حد مشہور بھی ہوگیا

شنگھائی (نیوز ڈیسک) آج کل اکثر والدین کو اس بات کا صدمہ رہتاہے کہ ان کے بچے اپنی مرضی سے شریک حیات کا انتخاب کرلیتے ہیں۔ تاہم ایک چینی باپ کو اس بات کا اس قدر صدمہ ہوا کہ وہ زاروقطار رونے لگ پڑا۔ چینی نیوز سائٹ کے مطابق اس شخص کی نوجوان لڑکی کا جاپانی بوائے فرینڈ تھا۔ چین میں آج بھی بہت سے لوگ جاپانیوں کو شدید ناپسند کرتے ہیں اور اس کی وجہ جنگ عظیم دوئم میں جاپان کی جانب سے چین کے خلاف مرتکب کئے جانے والے جنگی جرائم ہیں۔
چینی باپ کا خیال تھا کہ یہ جاپانی لڑکا بھی قابل بھروسہ نہیں لہٰذا اس نے اس کے پیار کو آزمانے کیلئے انتہائی کڑی شرط رکھ دی۔ اس نے مطالبہ کیا کہ اگر وہ اس کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا ہے تو اسے 5 برس جاپان واپس جانے کی اجازت نہ ہوگی۔ تاہم جاپانی نوجوان نے یہ شرط قبول کرلی اور لڑکی کو ایک جیولری سٹور پر لے جاکر وہیں شادی کی پیشکش کرڈالی۔ چینی باپ کو معلوم پڑا تو بھاگتا ہوا موقع پر پہنچ گیا لیکن شادی کی پیشکش میں خلل ڈالنے میں ناکام رہا۔ مرتا کیا نہ کرتا، جیولری سٹور کے فرش پر ہی بیٹھ کر زاروقطار رونے لگ گیا۔
اس کی یہ تصویر سوشل میڈیا صارفین نے خوب شیئر کی تاہم اس پر ردعمل کافی ملا جلا آیا۔ ایک طرف تو وہ صارفین تھے جو اس شخص کے موقف کے حمایتی تھے کہ جاپانیوں کے بارے میں ایسا رویہ سمجھ سے باہر نہیں لیکن صارفین کی بڑی تعداد نے اس باپ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا کہ وہ اپنے خیالات کی وجہ سے بیٹی کی خوشیوں پر پانی پھیرنا چاہتا ہے۔