عبدالباسط کو ملک بدر کیا جائے: شیو سینا آگ بگولہ
ممبئی (آئی این پی) بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے کشمیر کے بارے میںبیان پر آگ بگولہ ہو گئی اور مودی سرکار سے پاکستانی ہائی کمشنر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے رہنما سنجے راﺅت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے کشمیر کے بارے میں بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی اور ممبئی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کر دینا چاہیے۔ جو شخص نئی دہلی میں بیٹھ کر بھارت کیخلاف زہر اگل رہا ہے اسے 24 گھنٹوں کے اندر اسلام آباد واپس بھیج دیا جانا چاہیے ۔ امید ہے کہ حکومت ان کیخلاف کارروائی کرے گی۔
سنجے رائت نے ہر زہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا پاکستان ایک قوم کے طور پر یوم آزادی کیوں منا رہا ہے۔ پاکستان ایک قوم نہیں بلکہ دہشتگردوں کا گڑھ ہے ۔ کانگریس نے بھی عبدالباسط سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ 56 انچ چوڑے سینے والے تریندر مودی کی حکومت پاکستان سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں جشن آزادی کو کشمیر کی آزادی کے نام کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کے ذریعے آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔ عبدالباسط نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔