وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ”کے فور“منصوبے کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ”کے فور“منصوبے کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ”کے فور“منصوبے کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھ دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے ”کے فور“ کا قائم علی شاہ کے بعد دوبارہ سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ کے فور کے سلسلے میں دو تقاریب اس کے علاوہ منعقد ہوچکی ہیں،تقریب میں وفاقی حکومت کے کسی ذمہ دار نے شرکت نہیں کی، گزشتہ سال سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ نے سنگ بنیاد رکھا تھا،منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹرکا کہنا ہے کہ وفاق کی نمائندگی گورنر سندھ نے کی ہے جبکہ گزشتہ سال تختی کی نقاب کشائی اور اب گراﺅنڈ بریکنگ کی گئی ہے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق اتوار کو مرادعلی شاہ نے کاٹھور میں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کے ساتھ کے فور کا سنگ بنیاد رکھا واضح رہے 10 جون 2015 کو اس کے وقت کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں باقاعدہ ایک بڑی تقریب میں منصوبے میں سنگ بنیاد رکھا تھا اس کے بعد 12 جون 2016 کو کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ نے کنٹریکٹر فرم فرنیٹر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ 260 ایم جی ڈی کے پہلے پیکیج پر باقاعدہ دستخط کئے اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ ، وزیربلدیات جام خاں شورو اور دیگر حکام موجود تھےاس کے چند روزبعد ہی 15 جون 2016 کو وزیربلدیات جام خان شورو کے دفترواقع کلفٹن میں ایک بار پھر معاہدے کی تقریب ہوئی جس میں اس وقت وزیرخزانہ مرادعلی شاہ سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی جس میں مرادعلی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کے فور کا پہلا پیکیج 15 جون 2018 تک دو سال میں مکمل ہوجائے گا اب اتوار 14 اگست کو ایک بار پھر اس منصوبے کی، تقریب کا انعقاد کیا گیا اس طرح یہ اب تک چوتھی تقریب تھی واضح رہے کہ منصوبے کی 50 فیصدلاگت وفاقی حکومت برداشت کرے گی تاہم اب تک جتنی بھی تقاریب منعقد ہوئیں وفاقی حکومت کے کسی وزیر کی سطح کے ذمہ دار نے شرکت نہیں کی ہے۔

بار بار تقاریب کے انعقاد کے حوالے سے جب پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور سلیم صدیقی سے پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ اتوار کو ہونے والی تقریب میں منصوبے کی گراﺅنڈ بریکنگ کی گئی جبکہ گزشتہ سال وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ہونے والی تقریب میں تختی کی نقاب کشائی کی گئی تھی جب ان سے استفسار کیا کہ وہ تختی کہاں لگائی گئی انہوں نے کہاکہ مجھ علم نہیں وہ کہاں ہے تاہم انہوں نے اتوار کو گورنرسندھ کی شرکت کو فاق کی نمائندگی قرار دیا اور کہاکہ کراچی کے ڈھائی کروڑ شہری منصوبے سے بہت خوش ہیں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے فور منصوبے کا یوم آزادی کے موقع پر سنگ بنیاد رکھ دیا،واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی خصوصی ہدایت پر کے فور منصوبہ سابق وزیر بلدیات اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سابق چیئر مین حاجی منور عباسی کی ذاتی کاوشوں سے مرتب کیا گیا اور منور عباسی نے ہی اسے اپنے دور میں منظور کرایا ،سابق صوبائی وزیر حاجی منور عباسی نے یوم ا?زادی پر کے فور منصوبے کے سنگ بنیاد کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خراج تحسین اور کراچی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متحرک وزیر اعلیٰ سندھ کے فور منصوبے کو برق رفتاری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچا کر کراچی کے عوام کو پینے کے پانی کے حوالے سے درپیش مسائل سے نجات دلا ئیں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سپر ہائی وے کے قریب کے فورمنصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی قلت ایک بہت ہی سنجیدہ مسئلہ ہے اور صرف یہی منصوبہ کافی نہیں ہے میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ سال 14اگست کو کے فورمنصوبے کے دوسرے فیز کابھی آغازکردیاجائے گا جس کے تحت کراچی کے شہریوں اور صنعتوں کے لئے مزید 260ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جائیگا۔

مزید :

کراچی -