’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کی منظوری دی گئی، جس کے تحت موجودہ سکولوں میں ضرورت کے مطابق اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام پر اِس سال15ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوجوان نسل کو تعلیم کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی اہمیت واضح کی ہے اور اُن کا یہ کہنا درست ہے کہ نئی نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا بے حد ضروری ہے،ورنہ ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکے گا اور اس مقصد کے حصول کے لئے جتنی بھی کوششیں کی جائیں گی وہ سود مند ثابت نہیں ہوں گی۔ ہمارے طالب علموں کی تعداد حکومت کی طرف سے شعور اور آگاہی پروگراموں کی وجہ بڑھ رہی ہے، جن سکولوں میں نئے کمرے تعمیر کرنے کے لئے جگہ موجود ہے وہاں’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت اضافی کمرے تعمیر کر کے درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے گا۔ اِس طریقِ کار سے نئے سکول بنانے کی منظوری اور اُن کے لئے تعمیراتی اخراجات کی بھی بچت ہو گی۔ متذکرہ بالا پروگرام کے تحت15ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ اِس رقم کے استعمال میں افسران کی روایتی خورد برد نہیں ہونی چاہئے۔ اضافی کمروں کی تعمیر کے لئے معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کی افادیت قائم رہے اور یہ پروگرام افسر شاہی کی جیبیں گرم کرنے کا پروگرام بن کر نہ رہ جائے۔