تاجر و صنعت کار اپنی تمام تر توانائی بروئے کار لانے کو تیار ہیں، صدر کاٹی

تاجر و صنعت کار اپنی تمام تر توانائی بروئے کار لانے کو تیار ہیں، صدر کاٹی

کراچی (اے پی پی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ حکومت جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں یورپی یونین کی جانب سے جرنلائزڈ سسٹم آف پریفرنس(جی ایس پی) پلس اسٹیٹس ملنے کے بعد نوے فیصد پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی کے بغیر یورپ کے 28 ملکوں میں رسائی حاصل ہوئی اور مجموعی طور پر برآمدات میں بھی اضافہ ہوا، آئندہ مدت کے لئے اس اسٹیٹس میں توسیع حاصل کرنا برآمداتی ہدف کو پورا کرنے کے لئے انتہائی اہم ہے

بلکہ عالمی سطح پر مسابقت میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی درآمدات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جی ایس پی پلس میں توسیع ناگزیر ہے۔ زاہد سعید نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی حالات کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ قدرتی آفات سمیت داخلی سطح پر بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر دنیا کا کوئی ملک غربت، جہالت اور بد امنی جیسے مسائل سے نبرد آزما نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سفارتی سطح پر جی ایس پی پلس کے لئے کاوشوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ زاہد سعید نے کہا کہ تاجرو صنعت کار برادری اس سلسلے میں اپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت کو اس معاملے کی اہمیت کے پیش نظر تاجروصنعت کار برادری کے ساتھ مل کر یکسوئی کے ساتھ اس سلسلے میں کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید : کامرس