غیر ملکی ماسٹر ٹرینرز رواں ماہ پاکستان پہنچ جائیں گے: چیئرپرسن ٹیوٹا

غیر ملکی ماسٹر ٹرینرز رواں ماہ پاکستان پہنچ جائیں گے: چیئرپرسن ٹیوٹا

لاہور(پ ر):چیئر پرسن ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ پی یو ایم(PUM) نیدر لینڈ سینئر ایکسپرٹ نان پرافٹ آرگنائزیشن ہاسپٹیلٹی ، فوڈ اور بیوریجز سیکٹرز میں ہمارے نوجوانوں کو تربیت دے گی۔فارن ماسٹر ٹرینرز رواں ماہ کے آخر تک لاہور پہنچ جائیں گے اور تربیتی پروگرام کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی یو ایم(PUM) نیدر لینڈ سینئر ایکسپرٹ نان پرافٹ آرگنائزیشن کے وفد کے سربراہ فرانس فرائیڈمین، ممبر ٹیوٹا بورڈ عاصم قادری، محمد ارسلان اور محمد مبین کے ساتھ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عائشہ قاضی اور دیگر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا کو اس وقت فارن تربیت یافتہ ٹرینرز کی ہاسپٹلیٹی ، ٹورازم، سکول مینجمنٹ، پیرامیڈکس اور فلوری کلچر کی اشد ضرورت ہے۔ اس وقت ملکی و بین الاقوامی سطح پر ان شعبہ جات میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ انٹرنیشل فوڈ چینز نے پاکستان میں اپنا بزنس شروع کیا ہوا ہے اور انہیں ماہر افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ یہ تمام کاوشیں ماہر افرادی قوت کی دستیابی کیلئے کی جا رہی ہیں۔سربراہ پی یو ایم(PUM) نیدر لینڈ سینئر ایکسپرٹ نان پرافٹ آرگنائزیشن فرانس فرائیڈمین نے ٹیوٹا کی جانب سے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ہماری کمپنی صوبہ پنجاب میں ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ بھرپور مدد کرے گی۔ہمارے ماسٹر ٹرینرز سے تربیت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی نوجوان نسل کامیابی کے ساتھ ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کی حصول میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مزید : کامرس