ایس ای سی پی نے جولائی کے دوران 386نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں
کراچی (این این آئی) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی کے مہینے میں 386 کمپنیاں رجسٹر کیں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 85 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ‘ بارہ فیصد سنگل ممبرجبکہ باقی تین فیصد میں پبلک ان لسٹڈ ، غیر منافع بخش ایسوسی ایشن اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔گزشتہ ماہ سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد61 ہے‘ خدمات کے شعبے میں45 ‘ تعمیرات کے شعبے میں 42 ‘ انفرمیشن ٹیکنالوجی میں 37 ‘ سیاحت میں 23 ‘ انجینئرنگ میں 14 ‘رئیل اسٹیٹ ڈولپمنٹ اور آٹو الائیڈ میں 13‘13 ٹیکسٹائل میں 12 ‘ کھانے پینے ومشروبات میں 11 ‘ ایند ھن و توانائی میں 10 ‘ ادویہ سازی میں بھی 10 اور 95 کمپنیاں دوسرے مختلف شعبوں میں او ر 5 بین الاقوامی کمپنیاں اسلام آباد‘ لاہور اور کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔ علاوہ ازیں، جولائی کے مہینے میں 32 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ۔
ان سرمایہ کاروں کا تعلق افغانستان‘ آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ چین‘ فرانس‘ اٹلی‘ قازقستان‘ ملائیشیا‘ نیدرلینڈ‘ پورٹو ریکو‘ سنگا پور‘ سپین‘ تھائی لینڈ‘ برطانیہ اور امریکہ سے ہے۔ یہ سرمایہ کاری آٹو الائیڈ‘ تعمیرات‘ مواصلات‘ کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ‘ کھانے پینے ومشروبات‘ ایند ھن و توانائی‘ انفرمیشن ٹیکنالوجی‘ کاغذ اور بورڈ‘ پاور جنریشن ‘ خدمات‘ سٹیل‘ تجارت‘ ٹرانسپورٹ اور دوسرے مختلف شعبوں میں کی گئی۔ ماہ جولائی میں سب سے زیادہ رجسٹریشن ‘اسلام آباد کے کمپنی رجسٹریشن آفس میں ہوئی جہاں 130 کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں جبکہ 124 لاہور‘ 88 کراچی ‘ فیصل آباد میں 12 ملتان میں 18‘ پشاور میں 13 اور کوئٹہ میں ایک کمپنی رجسٹر ہوئی۔