بھارت جموں و کشمیر کے عوام کو حقِ خود ارادیت کا موقع فراہم کرے،تحریک حریت

بھارت جموں و کشمیر کے عوام کو حقِ خود ارادیت کا موقع فراہم کرے،تحریک حریت

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے جموں وکشمیر کو انسانی خون سے نہلایا گیاہے اورہفتے کے روزصرف ایک دن میں 500 سے زیادہ لوگوں کو پیلٹ فائر، آنسوگیس شلوں اور لاٹھی چارج سے شدید زخمی کردیا گیا ہے جن میں کئی افراد کی حالت نازک ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے قیامت صغریٰ بپا کی ہوئی ہے۔ بھارتی فوجی گھروں اور بستیوں پر یلغار کرکے چھاپے ماررہے ہیں اور مکانات، دکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی جارہی ہے۔

بیان میں بھارتی قیادت کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ تاریخی، جغرافیائی، سیاسی اور زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے عوام کوان کاسلب کیا ہوا حق، حقِ خودارادیت دے کرانہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے تاکہ برصغیر کو امن وآشتی کا گہوارہ بنایا جائے۔

مزید : عالمی منظر