امریکی ریاست الاباما میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک

امریکی ریاست الاباما میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک

واشنگٹن (این این آئی)امریکی ریاست الاباما میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ۔امریکی میڈیا نے بتایا کہ ہلاک ہونے تین شادی شدہ جوڑے تھے۔حکام کے مطابق ٹسکالوسا کے ایئر پورٹ سے پرواز کے فوری بعد جہاز سے خرابی کا پیغام موصول ہوا اور رن وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق جہاز میں سوار تینوں جوڑے فلوریڈا میں ڈینٹل کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس اوکسفرڈ جا رہے تھے۔ جہاز میں کوئی بچہ سوار نہیں تھا تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے 11 بچے ہیں۔

ٹسکالوسا کے قریب نارتھ پورٹ کیمونٹی کے میئر کے مطابق جہاز ایئر پورٹ کے قریب درختوں میں گر کر تباہ ہو گیا اور امدادی عملہ تین منٹ کے اندر جہاز کے ملبے تک پہنچ گیا تھا۔الاباما کے ٹی وی نے ایک رشتہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دندان ساز میاں بیوی جیسن اور لی شامل ہیں۔دونوں کے تین بچے تھے اور ان کی عمر دس، سات اور پانچ برس ہے جبکہ حادثے میں ہلاک ہونے والے ایک اور میاں بیوی کے پانچ بچے تھے۔

مزید : عالمی منظر