گلوکارہ شاہدہ منی کی پی این سی اے اسلام آباد میں زبردست پرفارمنس

گلوکارہ شاہدہ منی کی پی این سی اے اسلام آباد میں زبردست پرفارمنس

لاہور(فلم رپورٹر)میلوڈی کوئین آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی پی این سی اے اسلام آباد میں زبردست پرفارمنس، حاضرین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پر پاکستانی صوبوں کی ثقافت کے حوالے سے میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام صوبوں سے منتخب گلوکاروں نے پرفارم کیا جن میں گلگت بلتستان سے اعجاز حسین جبران، آزاد کشمیر سے بانو رحمت، خیبرپختونخوا سے شینا گل، بلوچستان سے بشیر بلوچ، سندھ سے عقیل سنجرانی اور پنجاب سے گلوکارہ شاہدہ منی شامل تھیں۔ تمام گلوکاروں نے صوبوں کی ثقافت کے رنگ اپنے گیتوں سے پیش کئے اور حاضرین سے داد وصول کی۔

پروگرام کی سب سے زبردست پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی کی تھی جنہوں نے پنجاب کے رنگ جمائے۔ پی این سی اے اسلام آباد کے ڈائریکٹر بلال احمد نے کہا کہ جشن آزادی اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے اور ہم کوشش کرتے ہیں تمام صوبوں سے اپنی ملکی ثقافت کو پیش کیا جائے۔ تمام آرٹسٹوں نے اپنے اپنے انداز سے پروگرام میں رنگ جمایا ہے۔ پی این سی اے نے جشن آزادی پر صوبوں کی ثقافت کے حوالے سے ریلوے کے ساتھ مل کر آزادی ٹرین بھی چلائی جس کو بہت پذیرائی ملی۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ ہر سال جشن کو مناتی ہوں اور پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ پاکستان کی وجہ سے ہی ہم سب ہیں جہاں تک پرفارمنس کا تعلق ہے تو مجھے یہاں پرفارم کر کے بہت اچھا لگتا ہے۔

مزید : کلچر