پی ٹی وی لاہور سینٹرمیں ایمپلائز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام یومِ آزادی کی تقریب
لاہور(فلم رپورٹر )پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹرمیں پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئرمین عطاالحق قاسمی نے کہا کہ آج کا دن تمام پاکستانیوں کو اپنی اندرونی رنجشیں بھلا کر عید پر سعید کی طرح منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے آزادی کے مہینے میں احتجاج کی کال محبِ وطن پاکستانیوں کی دل آزاری اور پاکستان کے دشمنوں کو خوش کرنے کا باعث بن رہی ہیں ۔ عطا الحق قاسمی نے کہا یومِ آزادی کے موقع پرہمیں اپنی تمام تر توانیاں استحکام پاکستان کیلئے وقف کرنے کا عہد کرنا چاہیئے۔ جنرل منیجر لاہور سینٹر بشارت خان نے بتایا کہ اس سال یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن نے وزیر اطلاعات و نشریات کی خصوصی دلچسپی اور چیئرمین عطاالحق قاسمی کی ہدائت پر کافی عرصہ کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر خصوصی ڈرامے، ملی نغمے ،کوئیز اور لائیو ٹرانسمیشن "سلام پاکستان "پیش کئے ہیں ۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایم ڈی ،پی ٹی وی صبا محسن سٹوڈیوز کی رونقیں بحال کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گی ۔پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے کہا یوم آزادی کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیلیویژن جیسے قومی ادارے کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔آزادی کی اس تقریب کے اختتام پر چیئرمین عطاالحق قاسمی نے پاکستان کی 70ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور تقریب میں موجود ملازمیں میں تقسیم کیا ۔ یوم آزادی کے موقع پر پی ٹی وی کی عمارت کو برقی روشنیوں کی مدد سے دلہن کی طرح سجایا گیا ۔تقریب میں پی ٹی وی لاہور سینٹر کے پروگرام منیجر چوہدری افتخار ورک ،ایگزیکٹو ایڈمن اینڈ پرسنائل منیجرامجد حسین ،سنیئر نیوز ایڈیٹر فیاض وڑائچ ،دیگر شعبہ جات کے انچارج یونین کے نمائندوں اورملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔