لاہورآرٹس کونسل میں یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا

لاہورآرٹس کونسل میں یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا

لاہور(فلم رپورٹر)لاہورآرٹس کونسل (الحمراء) میں گزشتہ روز یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔اس موقع پر چیئرمین (الحمراء ) بورڈ آف گونرز کامران لاشاری اور ایگزیکٹو یکٹرلاہورآرٹس کونسل کیپٹن (ر)عطا ء محمد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم آج کے دن کو شہدائے پاکستان کے نام کرتے ہیں،زندگی اگر نعمت عظیم ہے تو وہ لوگ عظیم ترین ہیں جو مادرِ وطن کی خاطر زندگی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے،ہماری آزادی ،تحریک پاکستان کے شہداء،آرمی پبلک سکول کے معصوم شہیدوں،سانحہ کوئٹہ کے غیور شہداء،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر نوجوانوں کی شہادت کی مرہون منت ہے جن کا مقدس لہو زندگی کی علامت بن کر ملک وقوم کی رگوں میں دوڈرہا ہے، جشن آزادی کا آغاز دعائیہ تقریب سے ہوا، ایگز یکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل کیپٹن(ر)عطاء محمدخان نے پرچم کشائی کی ، اس موقع پرا نہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم لہو کا دریا عبور کرکے آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو لہو کے سمندر بہا کر اس کی حفاظت بھی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں نہیں بھولنا چاہئے کہ آزادی حاصل کرنے کے مقاصد کیا ہیں انہوں نے اس تقریب میں موجود فنکاروں سے مخاطب ہو کر کہا ہمیں پاکستانی ثقافت پر فخر ہے۔ہماری ثقافت ہماری پہچان ہے۔فنکاروں کا فرض ہے کہ وہ پاکستانی ثقافت پر کسی اور ثقافت کی چھاپ نہ لگنے دیں۔ جشن آزادی کے حوالے سے الحمراء آرٹ گیلری میں تصویری نمائش کا انعقاد بھی ہوا،جس میں تحریک آزادی کے کارکنوں کی تصاویر آویزاں کی گئیں،بچوں میں مصوری کے مقابلوں کا انعقادہوا،جس میں اعلیٰ پورزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گے،خاندانوں کے لئے عینک والا جن اورپتلی تماشہ پیش کئے گئے،مزید براں الحمراء کلچرل کمپلیکس میں بھی میجک شو، بچوں کی تعلیم

وتربیت کا پروگرام اور بک فیئر کا انعقاد کیا گیا۔الحمراء کی عمارت پر چراغاں کیا گیااورعمارت کو سرسبز پرچموں،جھنڈیوں سے سجایا گیا۔

مزید : کلچر