اولمپکس گیمز ،ایرانی خاتون کارکن کا خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی کے خلاف احتجاج

اولمپکس گیمز ،ایرانی خاتون کارکن کا خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی کے خلاف ...

ریوڈی جنیرو ( اے این این ) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس میں مردوں کے والی بال میچ کے دوران ایرانی خاتون کارکن نے اپنے ملک میں خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ایران اور مصر کے درمیان مردوں کے والی بال میچ کے دوران ایرانی کارکن دریا صافی نے ایک احتجاجی کتبہ اٹھا رکھا تھا۔اس کتبے پر درج تھا کہ ایرانی خواتین کو سٹیڈیمز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔خیال رہے کہ ایران میں خواتین پر فٹبال میچ دیکھنے پر سال 1979 سے پابندی عائد ہے جبکہ سال 2012 میں اس پابندی میں والی بال میچوں کو بھی شامل کر دیا گیا تھا۔دریا کے احتجاج پر سکیورٹی اہلکاروں نے انھیں کتبہ نیچے رکھنے اور سٹیڈیم سے باہر جانے کا کہا لیکن انھوں نے مزاحمت کی جس پر سکیورٹی اہلکاروں کو واپس جانا پڑا۔دریا نے سارے میچ کے دوران احتجاجی کتبہ اٹھائے رکھا۔دریا صافی کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے تمام والی بال میچوں میں احتجاج کے لیے شرکت کریں گی جس میں آئندہ میچ پیر کو منعقد ہونا ہے۔میچ میں احتجاج کے دوران دریا صافی مسکراتی رہی لیکن جب سکیورٹی اہلکار ان کو سٹیڈیم سے نکالنے آئے تو وہ رونے لگیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی