پاکستانی اداکار اور ہنر مند باکمال ہیں،سٹار میکر ڈائریکٹرجرار رضوی کی باتیں

پاکستانی اداکار اور ہنر مند باکمال ہیں،سٹار میکر ڈائریکٹرجرار رضوی کی باتیں

رپورٹ و تصاویر :حسن عباس زیدی

سٹار میکر، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر جرار رضوی 2016 میں دو نئی فلمیں بنانے اور ریلیز کرنے کا اعلان کردیا ان فلموں میں ایک اردو فلم کا نام ’’جب تک ہم ہیں‘‘ کو جلدریلیز کرینگے۔ دوسری نئی فلم ’’تم نے چاہا ہی نہیں‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔ جرار رضوی کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے ان چند حب الوطن ڈائریکٹرز میں ہوتا ہے وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کے ڈائریکٹرز، کیمرہ مین، اداکار سمیت دیگر ہنر مند بھارت سے زیادہ باصلاحیت اور کمال کے لوگ ہیں مگر گزشتہ 20 برسوں میں یہ لوگ اپنا اعتماد کھوبیٹھے ہیں۔ جرار رضوی نے نئے سال 2016 کے حوالے انتہائی خوبصورت کارڈ دوستوں کو بھیجے تھے۔ انہوں نے ایک خصوصی ملاقات میں بتایا کہ ان کی اردو نئی فلم ’’جب تک ہیں ہم‘‘ کے رائٹر محمد طارق ساحل اور احسن ملک، موسیقار ظہیر مختار، ڈائریکٹر آف فوٹو گرافی اقبال شاہ، نغمہ نگار، سعید گیلانی، عاصم رضا، ناصر علی ناصر مرحوم اور فلم کی ایڈیٹننگ عمار رضوی نے کی ہے۔ فلم میں زیادہ تر نئے چہروں کو متعارف کرایا ہے۔ جرار رضوی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اب زیادہ سے زیادہ نئے لڑکے، لڑکیوں کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارائیں اور اداکار زائد عمر اور مقبولیت کے اعتبار سے غیر معروف ہوچکے ہیں مگر ان کے مزاج میں گرمی اور آکڑابھی بھی موجود ہے۔ لہٰذا ایسے فن کاروں کو کاسٹ کرکے فلم کا بجٹ ہی بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ اکثریتی نام نہاد سپر سٹارز کی فلموں کا پہلا شو بھی ہاؤس فل نہیں ہوتا۔ دوسری جانب نیا ٹیلنٹ تعلیم یافتہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ جراررضوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور میں موجود سینئر فلمساز ہدایت کار اب بے کار ہوگئے ہیں۔ یہ ایک المیہ ہے کہ ہمارے پرانے ماہر ڈائریکٹرز، رائٹرز، کیمرہ مینوں نے دوسری کھیپ تیار نہیں اور نہ ہی اپنی اولادوں کو تربیت دی۔ جس کی وجہ سے ترقی کا عمل رک گیا۔جراررضوی نے کہا کہ میں نے نئے سال میں پاکستان فلم انڈسٹری میں اپنا حصہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ میں بھارتی فلموں سے قطعی متاثر نہیں ہوتاالبتہ بھارتی فلمیں دیکھ کر ان میں کام کی باتیں ضرور تلاش کرتا ہوں۔ ایک تکنیک کار ہونے کے ناطے میں ہر لمحہ اپنے کام کی بہتری کے لئے سوچتا رہتا ہوں۔ ہمیں فلم کے حوالے سے عالمی مقابلہ کا سامنا ہے۔ اب روائتی فلمیں بناکر عوام کو سینما نہیں لایا جاسکتا۔ پھر فلم کے حوالے سے بزنس کے بھی انداز بدل گئے ہیں۔ زندگی فاسٹ ہوگئی ہے اب وہی ڈائریکٹر کامیاب ہے جو موجودہ حالات اور تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جرار رضوی نے بتایا کہ میں نے دوسری فلم ’’تم نے چاہا ہی نہیں‘‘ کے سکرپٹ پر بھی بہت محنت کی ہے۔ میری کوشش ہے کہ میری فلمیں ہر طبقے کو پسند آئیں۔ میرا سفر جاری ہے اب میں اپنی اولادوں کو بھی تربیت دے رہا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میرے بعد میرے بچے بھی اچھا کام کریں۔

مزید : ایڈیشن 1