پاکستان کلاسیکل میوزک گلڈ کے زیر اہتمام محفل موسیقی

پاکستان کلاسیکل میوزک گلڈ کے زیر اہتمام محفل موسیقی

حسن عباس زیدی

پاکستان کلاسیکل میوزک گلڈ اٌر لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے گزشتہ دنوں الحمراء ہال نمبر 3میں محفل موسیقی منعقد کی گئی جس میں ملک کے نامور گائیکوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔اس پروگرام میں موسقی کے متوالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مدتوں یاد رہنے والی اس محفل موسیقی کی کمپئرنگ کے فرائض سلیم محمود نے انجام دیئے۔پروگرام آرگنائزرپاکستان کلاسیکل میوزک گلڈکے جنرل سیکرٹری استاد غلام حیدر خاں نے اپنے استقبالیہ خطاب میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ہماری تنظیم ملک میں کلاسیکل گائیکی کی ترقی اور ترویج کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے ہم لاہور آرٹس کونسل کا دل کی گہرائیو سے شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے تعاون سے ہم اس کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہمارے تمام پروگرام اپنی مدد آپ کے تحت ہوتے ہیں ہمیں کسی سپانسر کی مالی معاونت حاصل نہیں ہے۔ محفل کا آغاز معروف نعت خواں میاں تنویر قندھاری نے خواجہ غلام فریدؒ کی کافی سے کیا۔بعد ازاں ملک محمد رفیق نے شاہ حسینؒ کا کلام سنا کر محفل سے خوب داد سمیٹی ۔ جانے مانے گلوکار محمد شبیر نے بھی احمد فراز کی غزل سنا کر حاضرین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔پاکستان کلاسیکل میوزک گلڈ کے پروگرام میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والے خالد لطیف کاشمیری نے اپنے استاد کی غزل گائی اور خوب داد سمیٹی۔ محمد سلیم بزمی نے اپنے روحانی استاد غلام علی کی غزل سنا محفل کو چار چاند لگا دیئے۔سلیم بزمی کی گائیکی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔سلیم بزمی نے تھوڑے ہی عرصہ میں غزل گائیکی میں منفرد مقام حاصل کرلیا ہے ۔غزل کے سیشن میں کلیم اختر نے فیض کی شہرہ آفاق غزل سنا کر محفل لوٹ لی ۔ان کی شاندار پرفارمنس گائیکی کا خوبصورت امتزاج تھا۔محمد یعقوب اور مشتاق کی پرفارمنس پر شائقین موسیقی جھوم اٹھے بلاشبہ دونوں غزل گائیکی میں ایک اعلیٰ مقام رکھتے ہیں ۔اس مدتوںیاد رہنے والے پروگرام میں لاہور آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عطاء محمد کان،موسیقار وجاہت عطرے،عنایت عابد،بشارت علی،محمد اختر خاں،عاشق علی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ محفل موسیقی میں گائیکوں کے ساتھ ہارمونیم پر ظفر علی قادری،طبلہ پر جمی خاں،سارنگی پر استاد فقیر حسین اور تانپورہ پر استاد غلام صابر نے سنگت کی۔

مزید : ایڈیشن 1