گنگا رام ہسپتال ،میدیکل کالج تجاوزات کی زد میں ،انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی

گنگا رام ہسپتال ،میدیکل کالج تجاوزات کی زد میں ،انتظامیہ خاموش تماشائی بن ...

  

لا ہور (جنر ل ر پو رٹر ) تجاوزات مافیا نے گنگا رام ہسپتال ، فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور ہوسٹل سے ملحقہ فٹ پاتھوں پر پنجے گاڑھ لیے۔تفصیلات کے مطابق فٹ پاتھوں پر چائے کی دکانوں سمیت فروٹ کے ٹھیلے اور اشیاء خورونوش فروخت ہو رہی ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ لمبی تان کر سو گئی۔تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ فروٹ شاپ ، چائے کا ٹھیلہ تو کہیں مکئی کے سٹے بھونتا پٹھان یہ مناظر شہر کی معروف ترین شاہراہ کوئینز روڑ پر گنگا رام ہسپتال ، فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور ان کے ہوسٹلز کی دیواروں سے ملحقہ فٹ پاتھوں کے ہیں۔ہر جگہ مختلف اشیاء خورونوش کے ٹھیلے لگے ہیں جس کے باعث پیدل چلنے والی لیڈی ڈاکٹرز اور ہسپتال آنے والی خواتین سمیت راہ چلتے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پیدل چلنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھوں پر قبضے کے باعث سڑک پر پیدل چلنا پڑتا ہے جس سے اکثر و بیشتر حادثات بھی ہوتے ہیں اور ایک خوف کی سی فضا میں مبتلا رہتے ہیں۔سالہا سال سے فٹ پاتھوں پر تجاوزات مافیا کے راج سے جہاں شہریوں اور بالخصوص خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوتی ہے۔تاہم انتظامیہ کے علم میں ہونے باوجود فٹ پاتھوں کو واگزار نہ کرانا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان چھوڑتا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -