پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے، حافظ محمد طاہر محمود ...

لاہور(خبر نگارخصوصی)پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔ ہندوستان کی پاکستان کے خلاف جارحیت کے شواہد پوری دنیا کے سامنے ہیں ۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کا مقدر ہے جس میں کسی تعصب کی بنیاد پر کسی کے حقوق سلب نہیں کیے جا سکتے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت جمعیت مشائخ اہلسنت پاکستان کے سر براہ پیر سیف اللہ خالد نے کی ۔ کانفرنس سے مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا صوفی انور ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، حافظ شعیب الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیاسی و مذہبی قائدین کو پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف متحد ہو جانا چاہیے ۔ پاکستان کی فوج اور سلامتی کے ادارے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد کر رہے ہیں پوری قوم کو اس میں معاون بننا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست اور حقیقت ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ۔ ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نیکٹا اور وزارت داخلہ اقدامات کر رہی ہے جس سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیکٹا کو وزیر اعظم کے ماتحت ہونا چاہیے اور نیکٹا کا سربراہ پسند ، نا پسند کی بجائے میرٹ پر لگایا جانا چاہیے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مدارس عربیہ کے طلباء ، اساتذہ اور علماء سے اپیل کی کہ وہ انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال اور انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے اور مدینہ منورہ سے کوئٹہ تک کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 18 اگست کو اسلام آباد میں ’’ندائے امت کانفرنس‘‘ ہو گی جس میں تمام مکاتب فکر کی قیادت اور اسلامی ممالک کے سفراء اور پاکستان میں غیر مسلم مذاہب کے نمائندے شریک ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1