ریلوے کی رہائشی کالونیاں مچھروں کا گڑھ ،دینگی پھیلنے کا خدشہ
لاہور(محمد نواز سنگرا) ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم بے سود۔ محکمہ ریلوے کی رہائشی کالونیوں میں جوہڑ ختم نہ کیے جا سکے۔جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔سیوریج ناکارہ ہونے کہ وجہ سے گلیوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے لاہور ڈویژن نے رہائشی کالونیوں میں ڈینگی کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے اورگھر گھر ڈینگی مار سپرے اور آگاہی کیلئے پمفلٹ کی تقسیم اور رہائشی کالونیوں میں بینرز آویزاں کر دیئے ہیں۔جس کے باوجود پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں کیا جا سکا اورگلیوں ،بازاروں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے مکینوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اور ڈینگی پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔رہائشی کالونیوں باجا لائن،وائرلیس کالونی،بوگی روڈ،انجن شیڈ اور دیگر رہائشی کالونیوں کی پرانی عمارتوں میں تھور کی وجہ سے مکین شدید پریشان ہے جبکہ عرصہ دراز سے محکمے کی طرف سے چھوٹے ملازمین کے رہائشی مکانوں کی تعمیر و مرمت نہیں کی جا سکی اور گلیوں میں پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے مکینوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے۔مون سون میں شدید بارشوں کی وجہ سے گلیوں اور بازاروں میں پانی کی نکاسی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مکین محدود ہو کر راہ گئے ہیں اور مچھروں کی بہتات کی وجہ سے بچے اور بڑے بیماریوں میں مبتلا ہو نے لگے ہیں ۔اس حوالے سے ریلوے حکام نے بتایا کہ ۔ محکمہ ریلوے لا ہور ڈویژن نے رہائشی کالونیوں میں ڈینگی مچھر مار مہم شروع کر دی ہے جس کیلئے رہائشی کالونیوں میں ڈینگی مار سپرے اور آگاہی مہم شرو ع کر دی ہے ۔محکمے کی ٹیمیں رہائشی کالونیوں میں ڈینگی سے نجات کیلئے مکینوں میں شعور اجاگر کر نے کیلئے پمفلٹ تقسیم کر رہی ہیں جس سے رہائشیوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اردگرد میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں ۔سپرے سے ڈینگی مچھر کی پیدائش کوروکا جائے گا ۔