قوم کی امیدیں نواز شریف نہیں راحیل شریف سے وابستہ ہیں،حامد رضا

قوم کی امیدیں نواز شریف نہیں راحیل شریف سے وابستہ ہیں،حامد رضا

لاہور(خبر نگار خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم کی امیدیں نواز شریف نہیں راحیل شریف سے وابستہ ہیں۔ ناکام حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ حکمرانوں کیلئے ستمبر ستم گر ثابت ہوگا۔ دہشتگردوں کے ہمدرد پنجاب کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے اتحادیوں کے فوج مخالف بیانات کا نوٹس نہ لیکر قوم کو مایوس کیا ہے۔حکمرانوں نے مصلحتوں کا شکار ہو کر نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا ہے۔ ناکام اور نااہل حکمران جمہوریت نہیں کرپشن بچانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپٹ حکومت سے نجات حاصل نہ کی گئی تو ضرب عضب کے اثرات ضائع ہو جائینگے۔ ن لیگ کی حکومت کے تین سالوں میں عوام کا کو ئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکمران خاندان کو لوٹ مار کا حساب و جواب دینا ہو گا۔ پاکستان میں 55لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں اور لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان اپنی ڈگریاں اٹھائے بے روز گار پھرتے ہیں۔ بے روزگاری ، غربت اور مہنگائی ختم نہ ہو ئی تو خونی انقلاب آئے گا۔ غریب لوگ اپنے جسم کے اعضا ء بیچنے پر مجبور ہیں۔ غربت میں ہر غریب گھر پھانسی گھاٹ بن گیا ہے۔ غربت کی وجہ سے ہونیوالی ہر خود کشی کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیئے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے والے حکمران قومی مجرم ہیں۔ وزیر اعظم نے قیام پاکستان کے مخالفین کو اپنا اتحادی بناکر قائد اعظم کی روح کو تڑپا دیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1