فورس کوجدیدٹریننگ اوربہترین ماحول دینا اولین ترجیح ہے،مشتاق سکھیرا

فورس کوجدیدٹریننگ اوربہترین ماحول دینا اولین ترجیح ہے،مشتاق سکھیرا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرا ئم رپورٹر) پنجاب پولیس کے تمام ٹریننگ سکولز اور کالجز میں زیر تربیت فائٹنگ فورس کوجدید ترین ٹریننگ کورسز کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ ماحول کی فراہمی اور اس کے لئے بہترین رہائشی سہولتیں،اچھی خوراک ، صاف پانی کی فراہمی ، فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے جم اور دیگر کھیلوں کی سہولیات اور دیگر ویلفےئر کے معاملات کی نگرانی ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ تمام ٹریننگ سنٹرز کو ان سہولیات کی فراہمی کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور یہ فنڈز کسی بھی اور ہیڈ میں استعمال نہیں ہو سکیں گے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے ان خیالات کا اظہار گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، سہیل خان، ڈی آئی جی ٹریننگ، سعد اختر بھروانہ، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج، لاہور، فیاض احمد دیو، کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ، سہیل حبیب تاجک، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول روات ، راولپنڈی، ڈار علی خان خٹک، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا، ممتاز احمد دیو، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد، عثمان اکرم گوندل، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول ملتان، مقصود احمد کھچی اور پرنسپل انٹیلی جنس ٹریننگ سکول، مس نسرین اختر کے علاوہ سی پی او کے دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ٹریننگ سنٹرز کے کمانڈنٹ نے آئی جی پنجاب کواپنے اپنے سنٹر کے بارے میں جاری کیے گئے 2016-17 کے فنڈز اور ترقیاتی پراجیکٹس کی رفتار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ پولیس کالج سہالہ کو 14.33ملین ، پولیس کالج چوہنگ لاہور کو 10.14ملین ، پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد کو 0.99ملین، پولیس ٹریننگ سکول ملتان کو 3.55ملین، پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا کو 4.329ملین جبکہ پولیس ٹریننگ سکول راولپنڈی کو 6.3164ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔اس موقع پر آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ زیر تعمیر تمام ترقیاتی پراجیکٹس کو اکتوبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف سنٹرز میں جاری ٹریننگ کورسز کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

مزید :

علاقائی -