حکومت کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراٹھانے کا پابند کرنے کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے کے معاملہ پر مزید دلائل طلب

حکومت کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراٹھانے کا پابند کرنے کیلئے دائر درخواست ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے حکومت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراٹھانے کا پابند کرنے کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے کے معاملہ پر مزید دلائل طلب کرلئے ہیں ۔امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید کی طرف سے دائراس درخواست کی سماعت کے دوران فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ مطمئن کیا جائے کہ خارجہ پالیسی کا عدالتی جائزہ لیا جاسکتا ہے ،فاضل جج نے یہ استفسار بھی کیا ہے کہ عدالت کس قانون کے تحت پالیسی معاملات میں مداخلت کرسکتی ہے ۔درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور حکومت مسئلہ کشمیر پر بیان بازی کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، حکومت کو آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانا چاہیے ۔حکومت کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17اگست تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو اس بابت مزید دلائل دینے کی ہدایت کی ہے کہ عدالت کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار حاصل ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -