صوبے کا ہر بچہ مجھے عزیز ہے ،تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے :شہباز شریف

صوبے کا ہر بچہ مجھے عزیز ہے ،تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے :شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کا ہر بچہ مجھے عزیز ہے۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں کے موثر اقدامات کے باعث بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے، تاہم جو بچے ابھی تک لاپتہ ہیں ان کی تلاش کیلئے محنت سے کام کیا جائے اور اس ضمن میں تمام حقائق منظر عام پر لا کر تسلسل کے ساتھ ضروری اقدامات اور کاوشیں جاری رکھی جائیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار لاپتہ بچوں کے حوالے سے قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایسا موثر نظام وضع کیا جائے کہ آئندہ بچوں کی گمشدگی اور لاپتہ ہونے کا واقعہ سامنے نہیں آنا چاہیئے کیونکہ بچے کی گمشدگی پر والدین کو جس کرب سے گزرنا پڑتا ہے یہ وہی جانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل اور سیکرٹری پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ لاپتہ بچوں کے کیسوں کو جلد نمٹانے کیلئے بھی تندہی سے کام کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے پرسکولوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور سکول جانے والے بچوں کے تحفظ کیلئے وضع کردہ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے سکولوں کے باہر چوکس رہ کر فرائض سرانجام دیں۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ایم پی اے صبا صادق، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے نوجوانوں کے ایک نمائندہ وفدنے ملاقات کی۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اورنوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے متعد انقلابی نوعیت کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں اور نوجوانوں کی ترقی، انہیں بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جاری پروگراموں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔پنجاب حکومت نوجوانوں کیلئے’’ ای۔روزگار تربیتی پروگرام‘‘ بھی شروع کررہی ہے جس سے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم ہو گاکیونکہ ڈیجیٹل روزگار کی فراہمی کیلئے تربیت موجودہ وقت کا اولین تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018ء تک 20 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں اسی طرح سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت دی جا چکی ہے اور نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے اربوں روپے کے بلا سود قرضے بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔ اپنا روز گار سکیم کے تحت میرٹ اور نہایت شفاف طریقے سے 50 ہزار گاڑیاں نوجوانوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پالیسی کے تحت لاکھوں نوجوانوں میں اربوں روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں اوران لیپ ٹاپ کے ذریعے نوجوان عصر حاضر کی ایجادات اور علوم سے آگاہ ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ طبقات کے ذہین اور ہونہار بچے اور بچیاں ملکی و غیر ملکی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر آگے لے کر جانا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وطن عزیز کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیح ہے اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے شاندار سکیورٹی انتظامات پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یوم آزادی پر اپنے فرائض محنت اور تندہی سے سرانجام دیئے جس پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس حکام اورانتظامی افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اراکین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موثر مانیٹرنگ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہپنجاب حکومت نے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جس کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور پولیس حکام کو مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول