تحریک انصاف کے وفد کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ،وزیر اعظم کیخلاف ریفرنس جمع کرا دیا

تحریک انصاف کے وفد کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ،وزیر اعظم کیخلاف ریفرنس ...

اسلام آباد( اے این این ) تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف آرٹیکل62 اور 63 کے تحت ریفرنس قومی اسمبلی میں دائر کر دیا، دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ریفرنس کے ساتھ مختلف دستاویز اور شواہد بھی منسلک کئے گئے ہیں،ادھروزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈڑ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارٹی وفد نے پیرکو سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق سے ملاقات کی۔ وفد میں شیریں مزاری، منزہ حسن، علی محمد، عارف علوی اور دیگر ارکان قومی اسمبلی شامل تھے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے ریفرنس جمع کرایا۔ ریفرنس میں وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے پر آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا ریفرنس دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس کے ساتھ مختلف دستاویز اور شواہد بھی منسلک ہیں۔ ریفرنس دائر ہوتے وقت نجی میڈیا کو اسپیکر چیمبر تک رسائی نہیں دی گئی۔ ریفرنس دائر کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملاقات کیلئے وقت دینے پر اسپیکر کے شکر گزار ہیں مگر انھوں نے دہرا معیار اپنایا۔ عمران خان کیخلاف حکومتی ریفرنس دائر کرتے وقت نجی میڈیا کو اپنے چیمبر تک رسائی دی مگر آج میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں۔ پاناما لیکس کا انکشاف تحریک انصاف یا کسی پاکستانی جماعت نے نہیں کیا۔ وزیراعظم کے خلاف ریفرنس آرٹیکل تریسٹھ کی ذیلی شق دو کے تحت دائر کیا گیا ہے۔ ریفرنس دائر کرنے کی منظوری تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی نے دی تھی۔ ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سڑکوں پر احتجاج کا فیصلہ اپوزیشن کی جماعتوں سے مشارت سے کیا گیا کیونکہ ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کی آٹھ نشستیں بے سود ثابت ہوئیں۔ حکومت نے اب بھی دعوت دی تو اپوزیشن کے ٹی او آرز پر بات ہو سکتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس (آج)منگل کی شام بنی گالہ میں ہو رہا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف ریفرنس حامد خان اور نعیم بخاری نے تیار کیا ہے ۔ دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ریفرنس کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات چلتے رہتے ہیں ہم آج بھی تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مفاہمت کے لیے تیار ہیں اور اس میں کوئی شک اور شبہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے

مزید : صفحہ اول