پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر سابق بھارتی وزیر خارجہ کی مودی پر تنقید

پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر سابق بھارتی وزیر خارجہ کی مودی پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی (آئی این پی)پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر کانگریس رہنما اور سابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلو چستان پربھارت کاکوئی دعویٰ ہی نہیں تو اس کی بات فضول ہے، بلوچستان پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، مودی کو بلوچستان کا حوالہ نہیں دینا چاہیے تھا۔بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں سلمان خورشید نے مودی سے سوال کیا کہ کیا بھارت یورپ اور افریقی ممالک کے اندرونی معاملات پر بات کرتا ہے؟ مودی کو بھارتی یوم آزادی کے خطاب میں بلوچستان کا حوالہ نہیں دینا چاہئے تھا، بلوچستان پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم آزاد کشمیر پر تو بات کر سکتے ہیں لیکن بلوچستان پر نہیں۔ انکا کہنا تھاکہ بھارتی وزیر اعظم کا بلوچستان کے حوالے سے بیان پاکستان کو بھارت کے اندرونی معاملات پر بات کرنے کا جواز فراہم کرے گا، جب معاملہ ایک خود مختار ریاست کا ہو تو ہمیں محتاط رہنا چاہئے۔سلمان خورشید کا کہنا تھا کہ بلوچستان آزاد کشمیر سے مختلف ہے، ہمیں آزاد کشمیر کے بارے میں بات کرے کا حق ہے، لیکن بلوچستان کے بارے میں نہیں، کیا ہم امریکا کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ملک میں ہونے والے مظالم پر کوئی بات کرے یا کیا ہم افریقہ اور یورپ میں ہونے والے مظالم پر بات کرتے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ وزیراعظم مودی کو یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران قوم کو متحد کرنے کی بجائے گندی سیاست استعمال نہیں کرنی چاہیے تھی ،وزیراعظم کو سمجھنا چاہیے تھاکہ آپ نے اس دن قوم کو یکجاکرنا ہے اور آپ کسی ایک سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پوری قوم سے مخاطب ہیں۔واضح رہے کہ نئی دہلی میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھاکہ بلوچستان ،آزاد کشمیر اور گلگت کے لوگوں نے آواز اٹھانے پر ہمارا شکریہ ادا کیا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -