سی پیک منصوبہ مکمل کرینگے ،پاک چین سٹریٹجک تعلقات خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے ضامن ہیں :چودھری نثار
اسلام آباد(اے این این) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اسٹریٹیجک تعلقات خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے ضامن ہیں، سی پیک منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے چین کے سفیر سن وی ڈانگ نے ملاقات کی اور کوئٹہ دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چین کے سفیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چینی حکومت اور عوام پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ چین خطے کے امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دیرینہ اور بے لوث دوستی امن و ترقی اور مخالف قوتوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ کوئی طاقت دونوں ملکوں کی دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ چینی انجنیئرز اور ورکرز کی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔