وزیراعظم کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کررہا ہے،اقبال ظفرجھگڑا

وزیراعظم کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کررہا ہے،اقبال ظفرجھگڑا

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سلیم ضیاء اورسیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصرودیگر رہنماوں نے گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں گورنر اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں معاشی ترقی کا سفر جاری ہے اور عوامی مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے خوشحال مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی ، گروہی و لسانی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی سوچ اپنائی جائے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آپس میں اتفاق و اتحاد کی فضاء پیدا کی جائے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سلیم ضیاء اورسیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصرنے ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفرجھگڑا کی سیاسی خدمات اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لئے سیاسی سطح پر افہام و تفہیم کی فضاء قائم کرنا ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے تمام سیاسی رہنماؤں کو بالغ نظری کا مظاہر ہ کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سمیت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے گفتگو کے دوران کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت خطے میں معاشی ترقی کی ٹھوس بنیاد فراہم کرے گا اور پاکستان سمیت دیگر ممالک بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی اور خوشحالی کے لئے ملی و قومی جذبے کے ساتھ کام کرکے ہم پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر مستحکم کر سکتے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر